ڈی چوک سے گرفتار 3 کم عمر ملزمان کی ضمانتیں منظور
اسلام آبادکی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک سے گرفتار 3 کم عمر ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ڈی چوک سے گرفتار کم عمر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
14 سالہ صیام کے وکیل آغا سید فیصل نے موقف اپنایا کہ بچہ 21 اکتوبر کو اپنی والدہ کے ساتھ علاج کے لیے افغانستان سے اسلام آباد آیا تھا، پولیس نے بچے کو شہزاد ٹاؤن سے اٹھا کر تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں ڈال دیا۔پولیس کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کب تک ریکارڈ آجائے گا؟ دیگر ضمانتیں بھی لگی ہیں۔
عدالت نے 14 سالہ صیام کی حد تک 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔دریں اثنا، انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ڈی چوک سے گرفتار 17 سالہ شہزاد خان اور 16 سالہ سمندر خان کی ضمانتیں بھی منظور کرلیں۔وکیل ولی خان نے عدالت کو بتایا کہ دونوں بچوں کو گھر سے اٹھا کر پولیس نے تھانہ سیکریٹریٹ کے مقدمے میں ڈال دیا، عدالت نے 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانتیں منظور کر کے دونوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔