بدعنوانی کسی بھی شکل میں معاشی خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، چیئرمین نیب
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے جس میں ہماری کامیابی کا انحصار عوام کی اجتماعی سوچ پر منحصر ہے۔انہوں نے یہ بات انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں اپنی زیر صدارت منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کہی، تقریب میں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جب کہ بہترین کارکردگی کے حامل نیب افسران کو ایوارڈ بھی دیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے قیام سے اب تک 6.1 کھرب کھرب کی برآمدگی کی، رواں برس 13 ارب ڈالر سے زائد کی برآمدگی کی گئی جوکہ ایک سال میں سب سے بڑی برآمدگی ہے، ہزاروں کی تعداد میں متاثرہ افراد کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلائی گئیں۔چیئرمین نیب نے بتایا کہ رواں سال نیب کراچی، نیب سکھر اور نیب خیبرپختونخوا کی کارکردگی متاثرکن رہی، کراچی اور سکھر ریجن نے 1.8 ملین ایکٹر رقبے پر جنگلات کی اراضی بلواسطہ بازیاب کر کے بالترتیب 2.4کھرب روپے اور 1.1 کھرب روپے بچائے۔
چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ بدعنوانی کسی بھی شکل میں پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بد عنوانی کے حکومتوں اور شہریوں کی زندگی پر دور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، بدعنونی کے خلاف جنگ میں نوجوان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، انہیں انسداد بدعنوانی کے عمل میں شریک کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، بدعنوانی کے خلاف اقدامات و اصلاحات کے نتیجے میں رواں سال نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
نیب پاکستان کے مقتدر ادارہ کے طور پر بدعنوانی کی روک تھام اور قومی وسائل کو بچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، بدعنوانی کے خلاف جنگ ایک مسلسل عمل ہے، ہماری کامیابی کا انحصار عوام کی اجتماعی سوچ پر منحصر ہے۔