ڈی چوک پر پرامن مظاہرین کو شہید کرنے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسلام آباد میں مظاہرین پر ہونے والے تشدد کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کردیا۔پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے چیف جسٹس پاکستان سے اسلام آباد میں مظاہرین پر تشدد کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کرتےہوئے کہا کہ ڈی چوک پر پُر امن مظاہرین کو شہید کیا گیا، اس معاملے کی مکمل جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
ڈی چوک پر آپریشن شروع ہونے کے بعد پارٹی قیادت کے بھاگنے کے سوال پر عمر ایوب نے کہا کہ میں، امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی آخری لمحات تک اسلام آباد میں موجود تھے مگر اسنائپرز کی جانب سے فائرنگ شروع ہونے کے بعد واپس جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ 3 دن قبل سکیورٹی فورسز نے اسلام آباد کو پی ٹی آئی مظاہرین سے خالی کرانے کے لیے آپریشن کیا تھا جس کے شروع ہوتے ہی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی موقع سے فرار ہوگئے تھے اور دیگر کارکن بھی چلے گئے تھے۔