پاکستان ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کارکردگی کے سالانہ جائزے کے بعد آج 2024-25 کے بین الاقوامی سیزن کے لیے 16 خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔

گزشتہ سال 20 کرکٹرز کو دوسال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ 2023-24 کے سیزن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

کپتان فاطمہ ثنا اور وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کو اے کیٹگری میں ترقی دی گئی ہے۔

بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال اپنی حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنا پر بی کیٹگری میں آگئی ہیں۔

اس سینٹرل کنٹریکٹ میں تین نئی انٹریز گل فیروزہ۔ رامین شمیم اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔ تسمیہ رباب نے پہلی بار سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کیا ہے جو ان کے کریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔گل فیروزہ 2018اور رامین شمیم2022-23 کے بعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ندا ڈار ۔ عالیہ ریاض۔ انوشے ناصر۔ایمان فاطمہ ۔ شوال ذوالفقار اور سدرہ نواز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی ہے تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گی۔ پی سی بی نے اپنی توجہ آئی سی سی ویمنز فیوچر ٹورز پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کرکٹرز کی اگلی جنریشن کو تیار کرنے کی طرف مرکوز کر دی ہے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے میں سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پر فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور سعدیہ اقبال کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کے ساتھ ساتھ تسمیہ رباب کو بھی جو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کر رہی ہیں اور گل فیروزہ اور رامین شمیم کو بھی جو سینٹرل کنٹریکٹ میں واپس آئی ہیں۔ ان کی شمولیت اور ترقی مسلسل عمدہ کارکردگی اور ٹیلنٹ کو انعام دینے کی ہماری کمٹمنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔

"2024-25 کے سینٹرل کنٹریکٹ ہماری مستقبل کی حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں کیونکہ ہم نئے آئی سی سی ویمنز فیوچر ٹورز پروگرام کی تیاری کر رہے ہیں۔
ریٹینرز میں اضافے کے ذریعے سینئر کھلاڑیوں پر مزید انوسٹمنٹ او ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو مواقع دینا اور اوپر جانے کے لیے واضح راستے پیش کرنا ، مستقبل کے اسٹارز کی پرورش اور اعلیٰ سطح پر مسابقت کو برقرار رکھنے کے درمیان توازن قائم کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ خواتین کی کرکٹ ہماری وسیع تر ڈیولپمنٹ حکمت عملی کا سنگ بنیاد ہے۔

پی سی بی خواتین کرکٹرز کو وسائل، مواقع اور بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔یہ سینٹرل کنٹریکٹ موجودہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اگلی جنریشن کو بڑے خواب دیکھنے اور آگے بڑھنے کی بھی ترغیب دیتے ہیں جو وہ حاصل کر سکتی ہیں۔ ہمارا نقطہ نظر واضح ہے کہ ایک مضبوط اور زیادہ مسابقتی پاکستان ویمنز ٹیم بنانا جو مستقل طور پر عالمی سطح پر چیلنج کرے اور آئندہ آئی سی سی ایونٹس میں قوم کی فخریہ نمائندگی کرے۔

سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی فہرست:
کیٹگری اے – فاطمہ ثنا ، منیبہ علی اور سدرہ امین۔
کیٹگری بی ۔ نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال
کیٹگری سی – ڈیانا بیگ، عمیمہ سہیل
کیٹگری ڈی – غلام فاطمہ، گل فیروزہ، نجیہہ علوی، رامین شمیم، صدف شمس، سیدہ عروب
شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور ام ہانی۔

Exit mobile version