پی ٹی آئی نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، نواز شریف
حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ فیض حمید کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف کیا کچھ نہیں کیا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بدترین ظلم برداشت کیے، یہ کس بات کاطعنہ دیتے ہیں، 3 بارکے وزیراعظم کو جیل میں اطلاع ملی کہ بیوی فوت ہوگئی۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنا کوئی ایک منصوبہ دکھا دے، جس پر وہ فخر کرسکیں، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی صفر ہے، پی ٹی آئی نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے بتایا کہ عدلیہ سے ساز باز کرکے منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم خوش آئند اور بہترین ہے، پارلیمنٹ نے پہلے بھی ایسی ترمیم کی جسے اس وقت کی عدلیہ نے ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو ماضی میں بھی عدلیہ کے غلط فیصلے سامنے کھڑا ہوناچاہیے تھا، دوبارہ خلل نہ ڈالاگیا تو ہم حالات سنوارلیں گے۔واضح رہے کہ 12 نومبر کو نواز شریف نے کہا تھا کہ بھارت کے ساتھ اگر معاملات بگڑے ہیں تو اب ان کو سنوارنے کی ضرورت ہے اور یہ سنوارے جاسکتے ہیں، مجھے اس میں کوئی دقت نظر نہیں آتی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ماضی میں بھارت کے ساتھ اگر معاملات بگڑے ہیں تو اب ان کو سنوارنے کی ضرورت ہے اور یہ سنوارے جاسکتے ہیں، مجھے اس میں کوئی دقت نظر نہیں آتی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک جماعت نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھ دی ہے، جو پاکستان کے لیے بہت ہی افسوس ناک ہے، اس کلچر کو انہوں (پی ٹی آئی) نے اپنی حکومت کے دوران بھی پروموٹ کیا اور اپوزیشن میں تو اس سے بھی زیادہ فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ بدتمیزی کے اس کلچر کی بنیاد رکھنا انتہائی بدقسمتی ہے، گاڑیوں کے پیچھے پیچھے بھاگ رہے ہیں، تعاقب کر رہے ہیں، ٹماٹر اور انڈے پھینک رہے ہیں، بھئی! اگر آپ کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو کم از کم اس کو اچھے طریقے سے کرو۔