نیشنل سپرٹ فاؤنڈیشن کے ممبران اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول کے سکاؤٹس طلبا کا ایوانِ اقبال کمپلیکس کا دورہ
بسلسلہ تقریب یومِ اقبال ” نیشنل سپرٹ فاؤنڈیشن ” کے ممبران اور "گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول،کے سکاؤٹس طلبا نے ایوانِ اقبال کمپلیکس کا دورہ کیا۔ کیوریٹر ایوانِ اقبال محترمہ رضیہ عامر نے اقبال آرٹ گیلری میں خوش دلی سے معزز مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ایوانِ اقبال اور آرٹ گیلریوں کا تعارف پیش کیا اور مہمانوں کو آرٹ گیلری میں آویزاں نامور مصور محترم اسلم کمال کے فن پاروں میں دیے گئے علامہ کے پیغام کے بارے میں بتایا جسے بہت توجہ اور شوق سے سنا گیا۔
بعد ازاں کمیٹی روم نمبر 2 میں معزز مہمانوں کے لئے ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں صباء ممتاز (شاعرہ،صحافی )اور شاھد محمود (ڈائریکٹر خورشید اختر خان ٹریننگ انسٹیٹیوٹ)نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ صدارت کے فرائض مہمانوں کے اصرار پر کیوریٹر ایوانِ اقبال محترمہ رضیہ عامر نے انجام دیے ۔دیگر مہمانوں میں مقصود احمد چغتائی (بینکر،سیاح),روبینہ شاہین (شاعرہ), شبانہ برنی (صحافی), عندلیب اسد (صحافی) ,قاضی عبد الرؤف معین الدین (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ), نوید مرزا(شاعر), محمد اشفاق (سکاؤٹ لیڈر), رانا عامر محمود(سوشل ورکر) ,حامدنواز(صحافی),
خاور شاہ (شاعر)، ڈاکٹر معطر(ماہرِ نفسیات ) اور محمود ترازی (سماجی کارکن)نمایاں تھے۔
مقصود احمد چغتائی نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ایشیاء کے عظیم شاعر ہیں جن کا کلام ہر دور کے نوجوانوں کی رہنمائی کرتا ہے ۔ دیگر شرکاء نے عظیم شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نابغہْ روزگار شخصیت روز روز پیدا نہیں ہوتی جن کی شاعری فکرِ انسانی میں انقلاب برپا کر دیتی ہے۔ جو نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر امید کر راستے پر گامزن کرتی ہے۔مہمانِ خصوصی شاھد محمود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علم وادب کو وسیع پیمانے پر عام کرنے کے مشن کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
صبا ممتاز نے اصلاحِ معاشرہ کے لئے ہر سطح پر مثبت رویوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ محترمہ رضیہ عامر نے گفتگو کو سمیٹتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری علم و عمل دونوں کو کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے جزو لاینفک قرار دیتی ہے۔
آخر میں فاؤنڈیشن کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو میڈلز اور صدرِ مجلس کو شیلڈ سے نوازا گیا۔ اختتامی لمحات میں بچوں نے مل کر قومی ترانہ پڑھا اور مہمانوں کو بصدِ احترام رخصت کیا گیا ۔