بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

سعودی عرب کا اعلٰی سطح کا سرمایہ کاری وفد اسلام آباد پہنچ گیا

سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ سعودی وزیر سرمایہ کار خالد بن عبدالعزیز الفالح تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، وفد میں سعودی عرب کی تعمیراتی، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، خوراک اور پیٹرولیم کی کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔

تین روزہ دورے کے دوران سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔سعودی وفد کیساتھ پلینری، سیکٹورل بریک آؤٹ اور بزنس ٹو بزنس سیشن ہوگا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔

سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ اور عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا جبکہ وزارتی سطح پر پاکستانی اور سعودی وفد کی راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی ہوں گی۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے موقع پر پاکستان آنے والے چینی وزیراعظم کے ساتھ بھی سی پیک کے نئے منصوبوں سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کاسربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

اشتہار
Back to top button