ملتان ٹیسٹ، شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی سنچریاں پاکستان کے 4 وکٹوں پر 328 رنز
ملتان ٹیسٹ میں پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز بنالیے۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب 8 کے مجموعے پر صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔
دوسری جانب عبد اللہ شفیق نے بھی سنچری اسکورکی اور پھر 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں کے درمیان 253 رنز کی شراکت ہوئی۔عبد اللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف2 رنز کے اضافے کے ساتھ کپتان شان مسعود بھی 151 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پہلے دن کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل بابر اعظم بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر رن بنائے کریزپرموجود ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹی حاصل کی۔پاکستان کل اننگز کا آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز سے دوبارہ کرے گا۔