بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وفاقی پولیس نے شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا

 وفاقی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔تھانہ کوہسار پولیس نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا ہے، شیر افضل مروت کے محافظ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتاری کے وقت شیر افضل مروت کے ساتھیوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم پولیس نے حصار میں لے کر انہیں گرفتار کیا اور گاڑی کو قبضے میں لے کر روانہ ہوگئی۔شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے مزید رہنماؤں اور اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو گزشتہ روز سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں کی جانے والی روٹ، معاہدے کی پاسداری نہ کرنے، اسلام آباد پولیس پر حملے، اوقات کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقریر سمیت دیگر غیرقانونی خلاف ورزیوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمرایوب اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیا جائے گا، تاہم علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی پولیس نے شعیب شاہین کو بھی ان کے گھر سے گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق جلسے میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر عمر ایوب، زرتاج گل، اعظم سواتی اور دیگر رہنمائوں کو بھی وفاقی پولیس نے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اشتہار
Back to top button