وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے لیکن اس خواہش کو کوئی کمزوری نہ سمجھے۔وہ آج رات جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے بہادر سپاہیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادر وطن کے لیے بہادری سے جنگ لڑی۔
شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک میں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے ایک بار پھر عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے لیے آگے آئیں اور اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے بارے میں وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آواز اٹھائے کیونکہ اس سے فلسطین میں انسانیت براہ راست متاثر ہو رہی ہے۔