صدرِ مملکت ابو ظہبی پہنچ گئے، اماراتی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع

صدرِ مملکت آصف علی زرداری متحدہ عرب امارات کے چار روزہ سرکاری دورے پر ابو ظہبی پہنچ گئے ہیں۔ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے صدارتی فلائٹ ٹرمینل پر متحدہ عرب امارات کے وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی نے صدرِ مملکت کا استقبال کیا۔اس موقع پر خاتونِ اول بیگم آصفہ بھٹو زرداری اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی صدرِ مملکت کے ہمراہ تھے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقات علی خان بھی موجود تھے۔
صدرِ مملکت کا یہ دورہ اس ماہ کی 29 تاریخ تک جاری رہے گا۔ بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے اماراتی وزیرِ انصاف عبداللہ بن سلطان بن عواد النعیمی سے صدارتی فلائٹ ٹرمینل پر ملاقات بھی کی۔دورے کے دوران صدرِ مملکت متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان ملاقاتوں میں تجارت، اقتصادی تعاون، دفاع، سیکیورٹی اور عوامی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔صدرِ مملکت کا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی شراکت داری کے عزم کا مظہر ہے۔

Exit mobile version