بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

حکومت اپنے اخراجات کم کرنے میں سنجیدہ نہیں، رکن رائٹ سائزنگ کمیٹی ڈاکٹر قیصر بنگالی مستعفی

 حکومت تجاویز کے برخلاف گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو فارغ کررہی، گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی نوکریوں کو بچایا جارہا، ڈاکٹر قیصر بنگالی

وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قائم کی گئی رائٹ سائزنگ آف دی فیڈرل گورنمنٹ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی نے استعفی دے دیا۔

رائٹ سائزنگ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا جب کہ انہوں نے کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق کمیٹیوں کی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے میں سنجیدہ نہیں، حکومت کی توجہ صرف چھوٹے ملازمین کی تعداد کم کرنے پر ہے تاہم چھوٹے ملازمین کو کم کرنے سے اخراجات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تجاویز کے برخلاف گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو فارغ کررہی ہے، محکموں سے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی نوکریوں کو بچایا جارہا ہے، البتہ محکموں سے بڑے افسران کو ہٹایا جائے تو سالانہ 30 ارب کے اخراجات کم ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تینوں کمیٹیوں کی تجاویز کے برخلاف اقدامات کررہی ہے، اخراجات میں کمی کے لیے 50 سرکاری محکمے بند کرنے کی تجویز دی تھی۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ مجھے بے حد مایوسی ہوئی ہے کہ گھنٹوں کے سوچ بچار کے بعد صرف ایک غیر تجارتی ادارے کو مکمل طور پر بند کرنے کی سفارش کی گئی، میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کے پاس اخراجات کو کم کرنے کے عزم کا فقدان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، معیشت قرضوں کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر ہے، آئی ایم ایف اور دیگر ادارے قرضے دینے کو تیار نہیں ہیں۔

اشتہار
Back to top button