بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

موڈیز کی ریٹنگ اپ گریڈ ہونا معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا عالمی اعتراف ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں، سی اے اے ٹورٹینگ ملنا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا عالمی اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کو ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات معیشت پر نظر آرہے ہیں، امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے آگے بڑھتی رہے گی، معیشت کی بہتری کے لیے وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ دوست ممالک کا سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کاروبار دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے جب کہ سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد میں سست روی قبول نہیں۔واضح رہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کردیا، موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے 3 سے سی اے اے 2 کر دی۔

اشتہار
Back to top button