بلوچستان میں دہشتگردی کے 3 واقعات میں 37 افراد جاں بحق
بلوچستان کے 3 مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملوں میں 37 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق ضلع موسٰی خیل کے علاقے راڑہ شم میں دہشتگردوں نے 23 افراد کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کیا، شناخت کرنے کے بعد قتل کیے گئے افراد میں مسافروں کے ساتھ بسوں اور ٹرکوں کے ڈرائیورز بھی شامل ہیں، دہشتگردوں نے راڑہ شم میں کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی ہے۔
اُدھر قلات میں دہشتگردوں نے 4 لیویز اہلکاروں اور پولیس سب انسپکٹر سمیت 10 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا ہے، ضلع بولان کے علاقے کول پور سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں لیویز تھانے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے تھانے سے قبضہ ختم کروایا ہے، بولان کے علاقے دوزان میں ریلوے پُل کو بارودی مواد کا دھماکا کرکے تباہ کر دیا گیا ہے۔ریلوے پُل تباہ ہونے کے بعد کوئٹہ کی سندھ اور پنجاب کے درمیان ریلوے ٹریفک معطل ہوگیا ہے۔