صدر مملکت کا دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھنے کے عزم کااعادہ
حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے تعاون سے دہشت گردی ختم کرے آصف زرداری
صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے تمام متاثرین بشمول شہریوں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔
دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کرنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا یہ دن ہمیں ان خاندانوں کے درد اور مصائب کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو دہشت گردوں کے ہاتھوں کھو دیا۔صدر نے کہا ملک نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کے دوران ہزاروں شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو کھویا۔
انہوں نے کہا پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا۔انہوں نے مزید کہا ملک کے دیگر کئی سیاسی اور مذہبی راہنمائوں نے بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنی جانوں کو کھویا۔
صدر نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے کہا حکومت کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے تعاون سے دہشت گردی ختم کرے اور ملک کیلئے ایک پرامن مستقبل کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جو عالمی برادری کی طرف سے اجتماعی کوششوں اور تعاون کا متقاضی ہے۔
صدر نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔