وزیراعظم نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اہلخانہ سمیت عشایئے میں مدعو کرلیا
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اہلخانہ سمیت وزیراعظم ہاؤس مدعو کرلیا، اہلخانہ وزیراعظم کے طیارے میں پورے پروٹوکول کے ساتھ عشایے میں شریک ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اہلخانہ سمیت وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا ہے، ان کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ملک بھر میں خوشیاں منائی جارہی ہے، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتیں گولڈ میڈل جیتنے کی خوشی میں شریک ہیں اور ان کا ہر جگہ شاندار استقبال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کو اسٹیٹ پروٹوکول ملےگا، ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو خصوصی پروٹوکول کے ساتھ میاں چنوں سے لایا گیا، ارشد ندیم کو ایئرفورس کے خصوصی طیارے پر ملتان سے اسلام آباد لایا جائےگا، نورخان ایئربیس پر وفاقی وزرا کی کمیٹی ان کا خیرمقدم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں اکیلے نہیں اتریں گے بلکہ ارشد ندیم کے والدین، ان کے بیوی ، بچے اور کوچ بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے، وزیراعظم ہاؤس میں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا، جہاں ایک چھوٹی سی تقریب بھی ہوگی جس میں کچھ فنکاروں کو بھی دعوت دی ہے اور ملی نغمے بھی ہوں گے۔