وزیراعظم کا 12 اگست کو انٹرنیشنل یوتھ ڈے بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہبازشریف اولمپکس میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوش، 12 اگست کو انٹرنیشنل یوتھ ڈے بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔حکومتی ذرائع کےمطابق اس حوالے سے نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان بھی کیا جائے گا، منفرد تقریب کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے انچارج رانا مشہود کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔
حکومتی ذرائع کےمطابق اولمپئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بھی خصوصی تقریب میں شرکت متوقع ہے ، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو جاب آفرز کے لئے سٹال بھی لگائیں گی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے جیولن تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان کی جانب سے کسی ایتھلیٹ نے انفرادی حیثیت میں اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے ۔