بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسئلہ فلسطین پر ہونے والے اجلاس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ کے اراکین کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی۔نہتے فلسطینوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف مشاورتی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں مسلم لیگ(ق)، ایم کیوایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے مشاورتی اجلاس میں شرکت پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا جہاں اجلاس کے شرکا نے 9ماہ سے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔اعلامیے کے مطابق مشاورتی اجلاس میں گزشتہ روز تہران میں اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ تہران کا واقعہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے اور ایسے واقعات امن کو تباہ اور خطے میں کشیدگی کی فضا کو ہوا دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کو امت مسلمہ کے لیے المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اقوانم متحدہ کی قراردادوں، عالمی عدالت کے فیصلوں اور قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔اس سلسلے میں کہا گیا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور وہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے دوٹوک اور واضح مؤقف اپنائے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری خاموشی توڑے اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔مشاورتی اجلاس میں نہتے فلسطینیوں کی امداد تک رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطین کو امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطینی بہن بھائیوں کی طبی امداد کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی طلبا کو تعلیم جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں داخلہ دیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف کل ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پارلیمنٹ میں فلسطین سے مکمل اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ میں کل بعد نماز جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

اشتہار
Back to top button