فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کمر کی تکلیف کے سبب پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور سے باہر ہو گئے
فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کمر کی تکلیف کے سبب پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور سے باہر ہو گئے ہیں۔ دھانی جمعہ سے بنگلہ دیش اے کے خلاف شروع ہونے والے دوسرے چار روزہ میچ اور ڈارون ٹور کے وائٹ بال مرحلے میں حصہ نہیں لے پائیں گے جس میں دو ایک روزہ میچ اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز شامل ہے۔
بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں چار وکٹیں لینے والے 25 سالہ شاہنواز دھانی فوری طور پر پاکستان واپس آئیں گے اور بحالی کا عمل شروع کرنے سے قبل پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کا جائزہ لے گا۔
اسپن بولنگ آل راؤنڈر مبصر خان کو دھانی کے کور کے طور پر وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
خرم شہزاد جنہیں بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد وطن واپس آنا تھا اب وہ 4 اور 6 اگست کو ناردن ٹیریٹری اسٹرائیک اور بنگلہ دیش اے کے خلاف دو ایک روزہ میچوں میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔