پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔تر
جمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوو نے 22 سے 25 جولائی 2024 کو پاکستان کا دورہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ دورہ پاکستان میں وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، انہوں نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں وزرا نے پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کی مشترکہ صدارت کی، مذاکرات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط پر بات چیت شامل تھی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ٹاپی پائپ لائن اور ٹی اے پی بجلی کی ٹرانسمشن لائن سمیت اہم کنیکٹیویٹی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ افغانستان اور مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سمیت عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔