وزیراعظم شہباز شریف کا امریکی صدر کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا کے صدر جو بائیڈن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن کی کوویڈ سے جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کورونا میں مبتلا ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے تمام انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن کو کورونا کی معمولی علامات ہیں، انہیں ویکسین لگادی گئی ہے۔ان کی پریس سکریٹری کیرین جین نے کہا کہ امریکی صدر کو ویکسین لگائی گئی ہے، اس سے قبل بھی ان کا دو بار کورونا مثبت آ چکا ہے۔
81 سالہ جوبائیڈن بدھ کے روز لاس ویگاس میں حامیوں سے ملے تھے اور ایک تقریب سے خطاب کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے انتخابی مہم کی تقریر منسوخ کر دی ہے۔ان کا کورنا ایسے وقت میں مثبت آیا ہے، جب انہیں اپنی عمر کی وجہ سے پیچھے ہٹنے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے۔