وزیراعظم شہباز شریف کی ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی شدید مذمت کی اور گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔زیراعظم شہباز شریف نے سابق امریکی صدر اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی عمل میں ہرقسم کا تشدد قابل مذمت ہے، اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے ہیں، ٹرمپ کے محافظوں نے حملہ آور کو ہلا ک کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے اسٹیج پر موجود تھے اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور گولی بظاہر سابق امریکی صدر کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کرخوشی ہوئی کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریلی کے مناظر دیکھ کر حیرت زدہ ہیں، انہوں نے معاشرے میں کسی بھی شکل میں سیاسی تشدد کو ناقابل قبول قرار دیا۔جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیاسی تشدد کے خلاف سب کو اکٹھا کھڑا ہونا چاپیے۔