بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سستے بازار میں ہولناک آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے 9 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن کے سستے بازار میں گزشتہ روز لگنے والی ہولناک آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے 9 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی جو 7 روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورت پیش کرے گی۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی سربراہی میں قائم 9 رکنی تحقیقاتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 7 روز میں تحقیقات مکمل کرے گی، ایڈشنل ڈپٹی کمشنر ، جنرل سیکریٹری اسلام آباد پولیس اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے اعلی افسران بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) اسپیشل برانچ، ڈائریکٹر میونسپل بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

کمیٹی آتشزدگی سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگائے گی اور آگ کے لگنے کی وجوہات کا تعین بھی کرے گی، کمیٹی تعین کرے گی کہ ایسی صورتحال میں کوئی حفاظتی اقدامات دستیاب تھے یا نہیں،کمیٹی 7 دنوں کے اندر اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایچ نائن کے سستے بازار میں آگ لگی تھی، ریسکیو آپریشن کے دوران فائربریگیڈ کی 31گاڑیوں کے علاوہ سی ڈی اے اور 1122 کے اہلکاروں نے حصہ لیا تھا اور کئی گھنٹوں کی جد و جہد کے بعد اس پر قابو پا لیا تھا۔چیف کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آتشدگی سے 500 دکانوں کا نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بازار میں آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ کرنے کے لیے ڈی سی اور پولیس حکام کی مشترکہ کمیٹی بنائیں گے، 7 دن میں کمیٹی رپورٹ دے گی، جب کہ آگ لگنے کے واقعات کو کیسے روکا جائے اس پر اقدامات کریں گے، کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر خود کرے گا جس میں ٹیکنیکل لوگ شامل کیے جائیں گے۔

اشتہار
Back to top button