سکیورٹی فورسز کا آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد ہلاک، 4 پولیس اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے شیڈو گورنر کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جب کہ آپریشن کے دوران 4 اہلکار شہید جب کہ 3 زخمی ہوئے گئے۔پشاور پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن پشاور کے مضافاتی علاقے متنی حسن خیل میں کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے حصہ لے رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں صبح دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں 4 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے جب کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا شیڈو گورنرکمانڈر عبدالرحیم بھی کارروائی میں مارا گیا۔ذرائع کا کہناہے کہ کمانڈر عبدالرحیم کے 2 ساتھی بھی آپریشن میں ہلاک ہوئے، صبح سے جاری آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے، حسن خیل آپریشن پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی ہے۔شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جو زیر علاج ہیں۔