حکومت ایک ٹھوس قومی صنعتی پالیسی وضع کرے، ایس ڈی پی آئی کے مشاورتی اجلاس سے مقررین کا خطاب
ملک کے بڑھتے ہوئے معاشی بحران اور گرتی ہوئی صنعتی ترقی کا تقاضا ہے کہ حکومت ایک ٹھوس قومی صنعتی پالیسی وضع کرے جس میں حقیقت پسندانہ ریگولیشن کو فروغ دیا جائے ، پائیدار ترقی کے حصول کےلئے حکومت، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے ٹرائیکا کو لازمی قرار دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارپالیسی ادارہ برائے پائیدارترقی (ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے ساتھ منعقدہ مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں قومی صنعتی پالیسی کے مسودے پر اہم گفتگو کی گئی۔ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اور آر سی سی آئی کے صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ درآمدات کو منظم کرنے اور بڑھتی ہوئی درآمدات کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ملک کے پاس اس کا متبادل موجود ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے پالیسی سازوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آمدنی میں اضافے کیلئے پہلے سے بوجھ تلے دبے شعبوں کو دبانے کی بجائے اس کامقامی حل تلاش کرنے پر توجہ دیں۔