پاکستان اور اٹلی کا منشیات سمگلنگ اور انسانی سمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کو منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔وہ آج اسلام آباد میں پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارملین سے گفتگو کر رہے تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر نے کہا کہ اٹلی کی وزارت داخلہ کا ایک وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا جو پاکستانی حکام سے ملاقات کرے گا اور سرحدی علاقوں کا دورہ کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انسانی سمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہنر مند لیبر کی قانونی نقل مکانی سے انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی میں بھی مدد ملے گی اور اٹلی مختلف شعبوں میں ہنر مند پاکستانی ہیومن ریسورس کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔