وزیر اعظم میاں شہباز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے
وزیر اعظم میاں شہباز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے 2 روزہ دورہ تاجکستان کے دوران تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی، شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف کیلئے خیر سگالی کے جذبات اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ 3 تا 4 جولائی 2024 کو شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کیلئے آستانہ کے اپنے آئندہ دورے کے دوران صدر توکایف سے ملاقات کے منتظر ہیں۔قازقستان کے سفیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو قازقستان کے صدر کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور وزیر اعظم کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کیلئے جاری مختلف سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔