وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری ڈیولپمنٹ پلان کی منظوری دے دی
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری ڈیولپمنٹ پلان، ٹرانسپورٹ، تعمیر و بحالی کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت مری میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں مری ڈیولپمنٹ پلان، ٹرانسپورٹ، تعمیر و بحالی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پروجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی اور ٹورسٹ گلاس ٹرین کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مال روڈ پر مری کے قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر اسکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ مری سمیت ہر شہر، علاقے اور تاریخی عمارات کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے شرکا کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے قلیل، وسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کرتے ہوئے بریفنگ میں بتایا گیا کہ روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زائد صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، جبکہ دیہات کی 53 کلومیٹر اسٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔اجلاس میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کر کے گھریلو استعمال میں لانے کے منصوبے کی منظوری بھی گئی جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارش کے پانی کو محفوظ کرکے ذخیرہ کیا جائے گا۔