لنڈی کوتل میں فائرنگ سے سینئر صحافی خلیل جبران جاں بحق

یبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ میں فائرنگ سے خیبر ٹی وی کے صحافی خلیل جبران جاں بحق جبکہ ان کے ساتھی سجاد ایڈووکیٹ زخمی ہو گئے۔ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق خلیل جبران اور سجاد ایڈووکیٹ گھر جا رہے تھے ملزمان نے انہیں کار سے اتار کر فائرنگ کی۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صحافی خلیل جبران کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتارکیا جائے۔ادھر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے خیبر نیوز سے وابستہ صحافی خلیل جبران کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایمنڈ نے کہا کہ پاکستان میں تواتر کے ساتھ صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے صحافیوں پر تشدد، اغوا اور دھمکیاں معمول بن چکی ہیں۔

ایمنڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ریاستی ادارے تمام دعوؤں کے باوجود اس قسم کے واقعات کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ایمنڈ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ صحافی خلیل جبران کے قتل میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

Exit mobile version