بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بشریٰ بی بی نے عدت کیس میں سزا معطلی کی درخواست دائر کردی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدت کیس میں سزا معطلی کی درخواست دائر کردی۔عدت کیس میں پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی درخواست دائر کی ہے۔بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ استغاثہ نے تضاد سے بھرپور کمزور شواہد عدالت میں پیش کیے، ان شواہد کی بنیاد پر سزا نہیں سنائی جاسکتی تھی، ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا برقرار نہیں رہ سکتی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے لیے جیل میں بدترین حالات میں رکھا گیا ہے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہےکہ سزا معطلی کی درخواست جلد نمٹائی جائے۔بشریٰ بی بی کی دخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت 3 فروری کی سزا کا فیصلہ معطل کرکے ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کرے۔

واضح رہے کہ 3 فروری کو سول کورٹ نے بشریٰ بی بی کو اس کیس میں 7 سال قیدکی سزاسنائی تھی۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدالت میں نکاح کیس دوسری عدالت ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے اور کیس اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکاکی عدالت کو ٹرانسفرکردیا۔

مزید پڑھیے  یکم جون سے پی ٹی وی نیوز مکمل طور پر ایچ ڈی ہوجائے گا،فواد چوہدری
Back to top button