عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کیخلاف درج مقدمات کی فہرست تیار
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کی فہرست تیار کرلی جب کہ ضمانت حاصل نہ کرنے والے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی تیاریاں بھی شروع کردی گئیں۔پولیس کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 42 مقدمات درج ہیں، 19 مقدمات میں ضمانت نہیں لی گئی۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 16 میں سے 3 کیسز میں ضمانت نہیں لی۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مختلف تھانوں میں 18 مقدمات ہیں۔علی امین گنڈاپور کو 2 کے علاوہ دیگر تمام مقدمات میں ضمانت مل چکی، سابق اسپیکر قومی اسبملی اسد قیصر نے 4 اور علی نواز اعوان نے 5 کیسز میں ضمانت نہیں کرائی۔سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے 3 مقدمات میں سے کسی میں بھی ضمانت نہیں لی جب کہ ایک مقدمے میں وہ عدالتی مفرور ہیں۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید بھی ایک مقدمے میں مفرور ہیں اور 8 مقدمات میں سے 2 میں ضمانت نہیں لی۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر کے خلاف مجموعی طور پر 21 کیسز درج ہیں، 3 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔