عدالت نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے پیمرا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالتی کارروائی رپورٹ نہ کرنے کے پیمرا نوٹیفکیشن کےخلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری کردیا اور پیمرا کو ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔عدالت نے پیمرا نوٹیفکیشن کےخلاف درخواست پر مزید سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہےکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے بھی پیمرا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی کارروائی کی میڈیا کوریج پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا سے 29 مئی کو جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔