پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین شاہد میمن نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ بجٹ میں حکومت معذور اور خصوصی افراد کو ٹیکس میں رعایتیں دینے کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹرڈ پر عمل درآمد کرے۔ معذور اور خصوصی افراد کو دو سال میں ایک موبائل خریدنے پر ٹیکس کی چھوٹ دی جائے۔ قومی شناختی کارڈ میں نابینا افراد کی نشانی کے لیے چھڑی کا نشان شائع کیا جائے۔ ملک بھر میں پڑھے لکھے اور گریجویٹ نابینا، معذور اور خصوصی افراد کو روزگار کے مواقع دیئے جائیں۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے معذور اورنابینا افراد نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ انہیں روزگار کے حصول میں دھکے کھانا پڑتے ہیں، بینکوں میں اکاؤنٹس کھولنے کے لیے معذور اور نابینا افراد کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ بینک اکاؤنٹس کھولنے میں تعاون نہیں کیا جاتا اور حیلے بہانے سے کام لیا جاتا ہے۔ تقریب کے موقع پر پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن نے نیشنل پریس کلب کے نو منتخب صدر اظہر جتوئی، قائمقام سیکریٹری جنرل عون شیرازی اور سیکریٹری فنانس وقار عباسی کو پھولوں کا گلدستہ بھی دیا۔