قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ویمنز ٹیم کے ہاتھوں شکست
انگلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 53 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ایجبسٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ ویمنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز اسکور کیے۔
جواب میں پاکستان ویمنز 18.2 اوورز میں 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان ویمنزٹیم کا آغاز شاندار تھا اور اس نے صرف 11 رنز پر میزبان ٹیم کی چار وکٹیں حاصل کرڈالیں۔میچ کے پہلے ہی اوور میں وحیدہ اختر نے مایا باؤچیر کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا۔ ڈینی وائٹ کی وکٹ سعدیہ اقبال نے ایک رن پرحاصل کی۔ایلیس کیپسی 5 رنز بناکر وحیدہ اختر کی گیند پر آؤٹ ہوئیں اور اسی اوور میں فریا کیمپ بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئیں۔
اس مرحلے پر کپتان ہیدر نائٹ اور ایمی جونز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔ ایمی جونز6 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی میچ میں دوسری وکٹ بنیں ۔ہیدر نائٹ کی چھ چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کا خاتمہ طوبٰی حسن نے کیا۔ڈینئل گبسن کی جارحانہ بیٹنگ نے انگلینڈ ویمنز کی پوزیشن بہتر بنادی ۔ انہوں نے 8 چوکوں کی مدد سے41 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ سوفی ایکلسٹن 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
وحیدہ اختر نے 20 اور سعدیہ اقبال نے30 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان ویمنز کی اننگز میں کوئی قابل ذکر کارکردگی دیکھنے میں نہیں آئی ۔ صدف شمس7 چوکوں کی مدد سے35 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ سات بیٹرز ڈبل فگرز میں ہی نہ آسکیں۔
سارہ گلین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 12رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ لارین بیل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سیریز کے اگلے دو میچز 17 اور 19 مئی کو نارتھمپٹن اور ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جائیں گے۔
مختصر اسکور ۔
انگلینڈ ویمنز 163 رنز6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ ہیدر نائٹ 49۔ ڈینئل گبسن 41ناٹ آؤٹ ۔وحیدہ اختر 20/ 2 وکٹ۔ سعدیہ اقبال 30/ 2 وکٹ۔
پاکستان ویمنز 110 رنز ( 18.2اوورز ) صدف شمس 35۔سارہ گلین 12 / 4 وکٹ ۔لارین بیل 22 / 3 وکٹ۔
نتیجہ ۔ انگلینڈ ویمنز نے53 رنز سے جیتا۔