جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستانی کشمیر کے حوالے سے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں اور اس کے پاس ایٹم بم بھی ہیں جو ہم پر گریں گے۔ای
ن ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’اگر وزیر دفاع کہہ رہے ہیں تو آگے بڑھیں، ہم کون ہیں روکنے والے؟ لیکن یاد رکھیں انہوں نے (پاکستان) بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، ان کے پاس ایٹم بم ہے اور بدقسمتی سے وہ ایٹم بم ہم پر گرے گا۔‘
اس سے قبل اپریل میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ بھارت میں ہونے والی ترقی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر (پی او کے) کے لوگ خود بھارت کے ساتھ رہنے کا مطالبہ کریں گے۔ مغربی بنگال کے شہر دارجیلنگ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پریشان نہ ہوں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر ہمارا تھا، ہے اور رہے گا۔‘
راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا تھا کہ ’بھارت کی طاقت بڑھ رہی ہے۔ دنیا بھر میں بھارت کا وقار بڑھ رہا ہے، اور ہماری معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ اب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہمارے بھائی اور بہنیں خود بھارت کے ساتھ آنے کا مطالبہ کریں گے۔‘