وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جدید ترین کینسر ہسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد خطے کے عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
افتتاح کیے گئے منصوبوں میں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیالوجی (کینور) اور میرواعظ مولوی محمد فاروق میڈیکل کالج شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کینور آزاد کشمیر میں کینسر کے مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو اب علاج کے لیے اسلام آباد یا دیگر بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، مخیر حضرات اور دیگر شراکت داروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کینسر کے علاج کے لیے ان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے کینور کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ایم آر آئی اور میموگرافی سمیت جدید طبی آلات کی تنصیب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کو چوبیس گھنٹے بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا تسلسل سے استعمال یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ کینور آزاد کشمیر میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے قائم کیا جانے والا پہلا جدید اور جامع طبی ادارہ ہے۔
