یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور اساتذہ نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا۔ طلبہ اور اساتذہ مظفرآباد پہنچے جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا ء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بلوچ طلبہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ہر دم آپ کے ساتھ رہیں گے۔
طلبہ نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط فوج رکھتا ہے اور کشمیر کبھی بھارت کا نہیں ہو سکتا، کشمیر پاکستان کا تھا، ہے اور رہے گا۔ اساتذہ نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ خود کشمیر آ کر اس کی حقیقت کو قریب سے جانیں۔
دورے کے دوران بلوچستان کے طلبہ اور اساتذہ نے پاکستان، کشمیر اور افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔ بلوچ طلبہ کا آزاد کشمیر کا یہ دورہ مسئلہ کشمیر سے ملک بھر کے عوام کی اصولی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔
