بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فیصل کریم کنڈی نے بطورگورنرخیبرپختونخوا حلف اٹھالیا

فیصل کریم کنڈی نے بطورگورنرخیبرپختونخوا حلف اٹھالیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور  میں منعقد ہوئی  جہاں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نےگورنر فیصل کریم کنڈی سے حلف لیا۔اس موقع پر صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس سمیت دیگر سرکاری حکام  اور مہمانوں نے شرکت کی تاہم تقریب حلف برداری میں صوبائی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور موجود نہیں تھے۔ نئے گورنر فیصل کریم کنڈی پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات تھے جن کی بطور گورنر نامزدگی گزشتہ روز  پیپلزپارٹی کے اہم اجلاس میں ہوئی جس میں آصف زرداری ، بلاول بھٹو، فریال تالپور سمیت دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔

فیصل کریم کنڈی کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان  سے ہے، فیصل کریم کنڈی یکم  جنوری 1973کو کراچی میں پیدا ہوئے، فیصل کریم کنڈی پشتون قوم کنڈی سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نےکراچی سےکامرس میں گریجویشن کی۔انہوں نے 2002 میں سیاسی کیریئرکا آغاز کیا تھا، 2008 میں مولانا فضل الرحمان کو شکست دےکر قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے اور 2008 سے 2013  تک ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی رہے جب کہ پی ڈی ایم  کے دور میں انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر کے فرائض بھی انجام دیے۔

2024 کے عام انتخابات میں انہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فیصل کریم کنڈی کے والد فضل کریم کنڈی بھی رکن قوم اسمبلی رہے اور ان کے بھائی  احمدکریم کنڈی بھی 2 مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

اشتہار
Back to top button