بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان ویمنز ٹیم کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے ہاتھوں آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ اس جیت میں ایک بار پھر کپتان ہیلی میتھیوز کی شاندار بیٹنگ کا کردار نمایاں رہا جنہوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ اس سیریز میں ان کی تیسری نصف سنچری ہے۔

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پانچ میچوں کی سیریز کا اختتام چار ایک پر کیا ۔ اس سے قبل اس نے ون ڈے سیریز بھی تین صفر سے جیتی تھی۔

جمعہ کی شب نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی جو 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 134 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے 18.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں سدرہ امین نے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے ۔

منیبہ علی نے 25 رنز اسکور کیے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ان سے قبل بسمہ معروف۔ جویریہ خان اور ندا ڈار یہ سنگ میل عبور کرچکی ہیں۔

عائشہ ظفر نے 22 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ایک موقع پر پاکستان ویمنز کی 84 رنز پر صرف ایک وکٹ گری تھی لیکن اس کے بعد صرف رنز کے اضافے پر 7 وکٹیں گرگئیں۔

ایفی فلیچر نے 17 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز ویمنز کی اننگز میں ہیلی میتھیوز نے11 چوکوں کی مدد سے78 رنز بنائے۔ انہوں نے شیمین کیمبل کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کا اضافہ کیا۔ کیمبل نے33 رنز اسکور کیے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔

مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز 134 رنز8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ سدرہ امین 48۔ایفی فلیچر 17 / 3 وکٹ ۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 136 رنز2 کھلاڑی آؤٹ ۔ ( 18.2 اوورز ) ہیلی میتھیوز 78۔ شیمین کیمبل 33 ناٹ آؤٹ ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز نے 8 وکٹوں سے جیتا۔

اشتہار
Back to top button