قومی
آرمی چیف سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل سیلکوک بیرکتار اوغلو نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے دونوں مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔