بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو نائب وزیر اعظم مقرر کردیا، نوٹیفکیشن جاری

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا ہے۔حکومت پاکستان کے کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو تاحکم ثانی فوری طور پر نائب وزیر اعظم مقرر کردیا ہے۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ نائب وزیراعظم اب وزیر خارجہ کی ذمے داریاں بھی انجام دیں گے یا حکومت کسی اور کو وزیر خارجہ کا منصب سونپے گی۔

1950 میں جنم لینے والے محمد اسحٰق ڈار سن 80 کی دہائی کے اواخر سے سیاسی منظر نامے پر، پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے رکن کی حیثیت سےموجود ہیں۔سینیٹ میں اپویشن لیڈر، ڈار کومالیات و اقتصادیات کے شعبے میں ان کی اہلیت کی بنا پر قابلِ تعظیم نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔وہ 99-1997 پر محیط نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں وفاقی وزیرِ خزانہ، اقتصادی امور، ریونیو اور شماریات رہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی اہم شخصیت خیال تصور کیے جانے والے اسحٰق ڈار 2002 سے پارٹی کے عالمی امور کی نگرانی کرتے آ رہے ہیں ۔4 بار رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے کے علاوہ، وہ متعدد بار سینیٹ کے رکن بھی منتخب کیے جاچکے ہیں اور زیادہ تر انہیں سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر کا منصب سونپا گیا۔وفاقی وزیر کی ذمہ داریاں سونپے جانے سے قبل وہ 93-1992 کے دوران وزیرِ مملکت / پاکستان انویسٹمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹو بھی رہے۔

وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے بھی صدر بھی رہ چکے ہیں۔سن 2008 میں وہ مختصر مدت کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ رہے مگر جب ان کی جماعت نے وفاق میں پی پی پی کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا تو اسحٰق ڈار نے عہدے سے استعفٰی دے دیا تھا۔

اشتہار
Back to top button