پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بھی شریک تھے، اس دوران پاکستان اور ایران کے درمیان 8 شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ اکنامک فری زون پر توثیق جب کہ سویلین معاملات میں عدالتی امور پر ایم او یو پر دستخط ہوئے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان سکیورٹی تعاون کے سمجھوتے، ویٹرنری اور حیوانات کی صحت سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے۔خیال رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے ہیں، ایرانی صدر اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ایران کے صدر لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ مزار اقبال اور مزار قائد پر حاضری دیں گے۔