سیاست خدمت اور اصلاح کا نام ہے تشدد اور عدم برداشت کا نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نارووال میں جاں بحق ہونے والے لیگی کارکن محمد یوسف کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا ہے۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ محمد یوسف کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں،پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کو نفرت اور ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا معاشرے کے لیے بڑا چیلنج ہے، سیاست خدمت اور اصلاح کا نام ہے تشدد اور عدم برداشت کا نہیں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کو ذاتیات اور تشدد کی حد تک پہنچانے والے لوگ ہی قوم کے اصل دشمن ہیں۔واضح رہے کہ پی پی 54 نارووال کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے دوران مسلم لیگ ن کا کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔مخالفین نے جھگڑے کے دوران 60 سالہ لیگی کارکن محمد یوسف کے سر میں ڈنڈا مار دیا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا، محمد یوسف کو ہسپتال لایا گیا تھا لیکن ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ جان کی بازی ہار گیا۔