بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان ویسٹ انڈیز ویمنز ون ڈے سیریز کل سے کراچی میں شروع ہوگی

ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم کل سے ہیلی میتھیوز کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہونے والی ہے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کاحصہ ہے ۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے جائیں۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے بقیہ دو ون ڈے انٹرنیشنل بھی21 اور 23 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے جس کے بعد یہ اسٹیڈیم 26 اپریل سے 3 مئی تک پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزْبانی بھی کرے گا۔

ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 16 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز اس وقت آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ میں نویں نمبر پر ہے۔

پہلے دو ون ڈے صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونگے جبکہ تیسرا ون ڈے سہ پہرساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔

یہ سیریز اے اسپورٹس ایچ ڈی اور جیو سپر پر براہ راست نشر کی جائے گی اور ملک بھر میں تماشا، اے آر وائی ZAP اور Tapmad پر بھی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ شائقین کی سہولت کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہے اور شائقین جاوید میانداد انکلوژر سے کھیل سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے اس سیریز کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم نے اس کے لیے بہت محنت کی ہے۔ سیریز سے پہلے تربیتی کیمپ میں ہمارے کوچز نے ہماری مہارتوں کو نکھارنے اور ہماری فٹنس کو مضبوط بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کا ہمارے خلاف ون ڈے میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہوسکتا ہے لیکن ہم حال ہی میں بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہم آنے والی سیریز میں اس کارکردگی کو جاری رکھنے کے لیے بے چین ہیں۔ ہمارا مقصد اپنی حالیہ کامیابیوں کو آگے بڑھانا اور ایک سخت حریف کے خلاف اچھی پرفارمنس دینا ہے۔

ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک خطرناک حریف ہے خاص طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ میں ۔ ان کے پاس ایک باصلاحیت اسکواڈ ہے جو کسی بھی لمحے کھیل کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں اور ہم اپنے گیم پلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں ایک ہفتے کے تربیتی کیمپ نے ہمیں پاکستان کے خلاف اہم سیریز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ہم نے کراچی میں بھی دو اچھے ٹریننگ سیشن کیے ہیں، اب ہماری توجہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے مقامی حالات کے مطابق ڈھالنے پر مرکوز ہے۔

آسٹریلیا کی خاتون امپائر کلیر پولوساک سیریز کے تینوں ون ڈے اور پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ ان کے ساتھ عبدالمقیت عمران جاوید اور ناصر حسین ون ڈے سیریز میں آن فیلڈ امپائرز ہونگے جبکہ سلیمہ امتیاز اور حمیرا فرح ریزرو امپائرز ہونگی۔

پاکستان اسکواڈ ( صرف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے)۔

ندا ڈار ( کپتان ) عالیہ ریاض ۔ بسمہ معروف۔ ڈیانا بیگ۔ فاطمہ ثنا۔ منیبہ علی۔ نجیہہ علوی ( وکٹ کیپر ) ۔ نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ سعدیہ اقبال۔ سدرہ امین۔ سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) طوبی حسن ۔ ام ہانی اور وحیدہ اختر۔

ویسٹ انڈیز اسکواڈ۔ ہیلی میتھیوز ( کپتان ) شیمین کیمبل ( نائب کپتان ) عالیا الین ۔ شامیلا کونیل۔ ایفی فلیچر۔ شیری این فریزر۔ جینیلیا گلاسگو۔ شینیل ہنری۔ زیدا جیمز۔ قیانا جوزف۔ چیڈین نیشن ۔ کرشما رام ہارک ۔ اسٹیفین ٹیلر۔ راشدا ولیمز اور کیٹ ولموٹ۔

سیریز کا شیڈول ( آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ ۔2022-25 تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں)
18 اپریل ۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل۔ صبح ساڑھے نو بجے۔
21 اپریل۔ دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل۔ صبح ساڑھے نو بجے ۔
23 اپریل۔ تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل ۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے۔

اشتہار
Back to top button