اے آر وائی اور ٹرانس گروپ کنسورشیئم نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سیریز کے انٹرنیشنل میڈیا حقوق حاصل کرلیے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ مینز اور پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ویمنز سیریز کے بین الاقوامی میڈیا حقوق اے آر وائی ڈیجیٹل اور ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کے کنسورشیئم کو ایک شفاف ٹینڈر کے عمل کے بعد دے دیے ہیں جس میں دو بین الاقوامی نیٹ ورکس کی شرکت بھی شامل ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 18 اپریل سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جب کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز پر مشتمل ویمنز سیریز میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز 18 اپریل سے3 مئی تک کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی پارٹنرشپ کے لیے ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون پر خوش ہے۔ ہم پوری دنیا کے شائقین تک دلچسپ کرکٹ ایکشن کی فراہمی کی بے تابی سے توقع رکھتے ہیں۔
ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کے چیف آپریٹنگ آفیسر راؤ عثمان ہاشم کا کہنا ہے کہ ٹرانس گروپ انٹرنیشنل اور اے آر وائی آنے والی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بین الاقوامی میڈیا حقوق حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔ ہماری ٹیمیں بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے لیے مردوں اور خواتین کی کرکٹ کے زبردست امتزاج کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اعلیٰ سطح کی کرکٹ کا مرکز بن چکا ہے۔ ہم نے کامیابی کے ساتھ متعدد بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کی ہے جنہوں نے دنیا بھر کے شائقین کو کرکٹ کی معیاری تفریح فراہم کی ہے۔ ان عالمی حقوق کے مختص ہونے کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی اور دنیا بھر میں موجود شائقین نیوزی لینڈ کے مردوں اور ویسٹ انڈیز کے خواتین کے میچز کی نشریات سے لطف اندوز ہوں گے۔ ہم اے آر وائی اور ٹرانس گروپ انٹرنیشنل دونوں کے ساتھ اپنی شراکت کو سراہتے ہیں اور پاکستان کرکٹ کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ مناسب وقت پر عالمی نشریاتی اداروں کی فہرست شیئر کرے گا۔