عید کا اعلان ہونے کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ہوائی فائرنگ سے ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے علاقوں میں پیش آئے جہاں عید کا چاند نظر آنے کے بعد شہریوں نے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی، نوجوان نامعلوم جانب سے آئی گولی لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا۔
ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر خاتون بھی زخمی ہوئی ہے جسے طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے ورثاء کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کر دی، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اپیل کے باوجود شہریوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے، اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی ہے یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے۔