بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، ایسٹر پر صدر مملکت کا پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، ہمارے مسیحی بھائیوں اور بہنوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسٹر کا تہوار امید، محبت اور خوشحالی کا پیغام لاتا ہے، آج ہم پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہیں، آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی سمیت تمام بنیادی سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق حاصل ہیں۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی خوشحالی کے اقدامات کیلئے پرعزم ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقلیتوں سمیت پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسٹر کا تہوار اپنے پیغام کے ساتھ اُمید اور تجدید کے ساتھ نہ صرف روحانی بلکہ سیاسی منظر نامے میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس پُرمسرت موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کے غیر متزلزل جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال میں ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، جنہوں نے ہماری قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے، دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اشتہار
Back to top button