5 سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ ذمہ داری کے بغیر دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا اور ہم نے 5 سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کے دور 2013 سے 2018 میں دہشتگردی کا خاتمہ کیا، دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے قربانیاں دیں مگر گزشتہ دو تین برس میں دہشتگردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ پر پیش رفت ہوئی ہے اور معاملات سامنے لائے جا رہے ہیں، چینی انجینئرز اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے، میں نے 5 سالہ منصوبہ کابینہ اراکین کے ساتھ شئیر کیا ہے، مقاصد کے حصول کے لیے سب وزارتوں نے سر توڑ محنت کرنی ہے، تمام وزارتوں کے اہداف کے حصول کیلئےجلد حکمت عملی اپنائی جائے جس کے بعد ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، انسانی وسائل کی کمی ہے تو بہترین یونیورسٹیوں سے قابل لوگ لیے جائیں اور اس کے علاوہ وزارتوں میں بھی بہترین سیکرٹریز موجود ہیں جن سے کام لیا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مؤثر دفاعی صلاحیت کے لیے مسلح افواج کی ضروریات پورا کریں گے، ہمارے شہدا اور غازی اس قوم کے ہیرو ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ذمہ داری کے بغیر دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، ہم نے 5 سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بھی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔