ایرانی سفیر گوادر اور چاہ بہار کو سسٹر پورٹس بنانے کے خواہاں

پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری کا کہنا ہے کہ چاہتے ہیں گوادر اور چاہ بہارکو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایرانی سفیر رضا امیری کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب  میں  ایرانی سفیر رضا امیری کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا مقصد اسٹریٹجک تعلقات میں اضافہ ہے، مزید بارڈرکراسنگ پوائنٹس کھول کر علاقائی تعاون اور تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ چاہتے ہیں گوادر اور چاہ بہار کو جوڑ کر سسٹر پورٹس بنائی جائیں،کوشش ہوگی سی پیک اور ریل لنک کے منصوبے میں ایران بھی حصہ داربنے۔ایرانی سفیر  نےکہا کہ پاکستان اور ایران میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران باہمی تجارت کا حجم ڈھائی ارب ڈالر ہوچکا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان ایران کے راستے وسط ایشیائی اورمغربی ممالک تک ٹرانزٹ روٹ بناسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے پاکستانی بارڈرکے قریب تک ایک ہزارکلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی ہے، ایران نے اس منصوبے پر تقریباً ایک ارب ڈالرخرچ کیے ہیں،  پاکستانی حکومت اگر گیس پائپ لائن منصوبے پرپیشرفت کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔

ایرانی سفیر  کا یہ بھی کہنا تھا کہ امید ہے جو لوگ پاکستانی عوام کو ایران سے سستی گیس نہیں لینے دینا چاہتے وہ اب اپنی ضد سے باز  آجائیں گے، ترکی، آذربائیجان اور ایران ایک دوسرے سے گیس پائپ لائن منصوبے سے جڑے ہوئے ہیں۔ایرانی سفیر نے مزیدکہا کہ ایرانی صدر، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

Exit mobile version