شہباز شریف کا یوٹیلیٹی سٹورز کا اچانک دورہ، رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کا جائزہ لیا
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد کے مختلف یوٹیلیٹی اسٹورز کا اچانک دورہ کیا۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران مستحقین سے ملاقات کی اور ان سے پیکیج حاصل کرنے میں درپیش مسائل کے بارے میں پوچھا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ رمضان پیکج لینے کے لیے آنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دکانوں پر تمام ضروری اشیاء وافر مقدار میں اور کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے علاوہ بارہ سو موبائل یونٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضروری اشیاء کی دستیابی اور معیار کو جانچنے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارہ ارب روپے کے رمضان پیکج کی مکمل نگرانی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک کے لیے بی آئی ایس پی مستحقین کے لیے نقد وظیفہ بڑھا کر دس ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کفالت پروگرام کے تحت امداد حاصل کرنے والوں کو دو ہزار روپے اضافی دیے جا رہے ہیں۔